اسلام آباد... وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آج پاکستانیوں کی قربانیوں، عزم اور محنت سے پاکستان معاشی اور سماجی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ایک بیان میںانہوں نے ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے والے بیرون ملک رہائش پاکستانیوں کے کردار کی بھی تعریف کی جو مادر وطن کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دن ر ات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی پر اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہئے جو 1947ءسے لیکر اب تک جموں و کشمیر میں مظالم کا شکار ہیں۔ لاکھوں کشمیریوں نے شہادت کا رتبہ حاصل کیا ہے۔ ہزاروں نابینا ہوئے اور کشمیری خواتین کی بے حرمتی کی گئی ۔ کشمیریوں کو زبردستی لاپتہ اور ا نہیں جعلی مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے۔ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے اور ان کا مقدمہ عالمی برادری میں اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی بہادر مسلح افواج کو ان کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عظیم قربانیوں اور جارحیت کیخلاف ملک کا دفاع کرنے پر سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کامیابی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن رہے گا۔