Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لکھنؤ :عدالت میں وکلاء اور عہدیداروں سے بھری لفٹ چوتھی منزل سے گرگئی، 9زخمی

    لکھنؤ۔۔۔۔۔۔لکھنؤمیں پیر کو سول کورٹ کی چوتھی منزل سے لفٹ ٹوٹ کر نیچے گر گئی جس میں 9  افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے ان میں سے3 کی حالت نازک ہے۔ ان سب کو ٹراما سینٹر میں داخل کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ شہر کے تھانہ وزیر گنج حلقہ میں پیش آیا۔ عینی گواہوں کا بیا ن ہے کہ جس وقت لفٹ چوتھی منزل سے گرائونڈ فلور کی طرف روانہ ہوئی تو اچانک اس کا تار جس کے سہارے وہ چلتی ہے اچانک ٹوٹ گئی۔ لفٹ میں سوار افراد کا زبردست شور بلند ہوا اور کچہری میں ہنگامہ مچ گیا۔ چاروں طرف سے لوگ دوڑ پڑے جس میں وکلاء اور عوام بھی شامل تھے۔ لفٹ میں بھی وکلاء کچھ موکل اور بابو لوگ شامل تھے۔ لفٹ نیچے گرتے ہی انھیں ٹیکنیشین نے فوراً  چینل کھول کر انہیں باہر نکالا۔ لیکن ایمرجنسی نمبر ڈائل کرنے کے باوجود بھی نہ تو ایمبولینس اور نہ ہی فائر بریگیڈ کا عملہ وہاں پہنچا۔ پرائیویٹ گاڑیوں میں انہیں قریب میں واقعہ بلرام پور اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے سب کو میڈیکل کالج کے ٹراما سینٹر میں ریفر کر دیا۔ یہ واقعہ دن میں 12 بجے اس وقت پیش آیا جب سول کورٹ میں جج اپنی کرسیوں پر بیٹھ چکے تھے اور مقدمات کی سماعت شروع ہو چکی تھی۔

شیئر: