Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج کی مدینہ منورہ آمد ، بہترین خدمات مہیا کی جائیں ،گورنر

مدینہ منورہ ..... گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی ہدایات کے پیش نظرمدینہ شریف آنے والے حجاج کرام کو بہترین خدمات مہیا کرنے کےلئے متعلقہ سرکاری و نجی اداروں نے تیاریاں مکمل کر لیں۔ حجاج کرام کے قافلے مدینہ منورہ پہنچنا شرو ع ہوگئے ۔ چند دنوں میں شہر مقدس کی رونقیں عرو ج پر پہنچ جائیں گی ۔ المدینہ اخبار کے مطابق گورنر مدینہ منورہ نے امورِ حج سے متعلق تمام ادارں کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ حجاج کرام کو تمام سہولتیں مہیا کی جائیں ۔ شہزادہ فیصل بن سلمان جو ریجنل حج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں، کا کہنا ہے کہ حج کی ادائیگی کے بعد ضیوف الرحمان مدینہ منورہ پہنچ رہے ہیں۔ انکا استقبال مثالی انداز میں کیا جائےگا ۔ احکامات کے پیش نظر تمام اداروں کی جانب سے منظم حکمت عملی مرتب کی گئی جس پر ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز کر دیا گیاہے ۔ دریں اثناءموصولہ اطلاعات کے مطابق مدینہ منورہ میں رہائشی ہوٹلوں اور مارکیٹوں کی رونقیں بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں ۔ دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام مدینہ منورہ لازمی آتے ہیں جہاں وہ مسجد نبوی الشریف کے علاوہ مسجد قبا ء، مسجد قبلتین اور سبعہ مساجد ( غزوہ خندق ) ،جبل احد اور دیگر مقامات پر بھی جاتے ہیں ۔ اس ضمن میں شہر کی انتظامیہ کی جانب سے بھی حجاجِ کرام کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ محکمہ ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے مرکزی علاقے میں اضافی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ شہر کے داخلی راستوں پر بھی پیٹرولنگ میں اضافہ کیا گیاہے تاکہ شاہراہوں پر ٹریفک جام نہ ہو۔ شہر کے تاجروں نے اپنی دکانوں کو از سر نو سجادیا ۔ مدینہ منورہ کی معروف کھجور منڈی میں بھی امسال کی تازہ کھجوریں پہنچا دی گئی ہیں ۔ مسجد نبوی الشریف کے اطراف میں قائم ایک تجارتی مرکز کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ حجاج یہاں سے سب سے زیادہ کھجوریں ، جائے نمازیں اور تسبیح خریدتے ہیں ۔ مسجد قباءکے اطراف میں عارضی دکانوں پر حجاج کی مطلوبہ اشیاءبڑی تعداد میں دیکھی جاسکتی ہیں جن میں جائے نمازیں ، تسبیح اور ٹوپیاں شامل ہیں ۔ کھجور منڈی کے ایک تاجر کا کہناتھا کہ امسال کھجور کی فصل اچھی ہوئی تاہم بارش کی وجہ سے بعض باغات خراب ہو گئے ۔

شیئر: