ممبئی دھماکہ: ابو سلیم کو عمر قید، 2 کو سزا ئے موت
ممبئی۔۔۔۔۔12مارچ 1993میں ممبئی میں ہوئے سلسلہ وار دھماکوں کے معاملہ میں ٹا ڈا کی خصوصی عدالت نے آج سزا کا اعلان کر دیا۔عدالت نے ابو سلیم سمیت 6مجرموںکو سزا سنائی ۔ ان میں سے ابو سلیم اور کریم اللہ کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے ، دونوں پر 2۔2 لاکھ کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جبکہ طاہر مرچنٹ اور فیروز خان کے لئے سزا ئے موت کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایک دیگر ملزم ریاض صدیقی کو 10 سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ابو سلیم کو پرتگال سے تحویل قانون کے ذریعے ہندوستان لایا گیا تھا جس کے مطابق اسے 25 سال سے زائد قید کی سزا نہیں دی جا سکتی ۔ واضح رہے کہ ابو سلیم 12 سال جیل میں گزار چکا ہے اور اب قانون کے مطابق اسے 13 سال ہی جیل میں رہنا ہوگا۔خصوصی عدالت نے 16جون2017 کو ابو سلیم ،مصطفےٰ ڈوسا اس کے بھائی محمد ڈوسا، فیروز عبد الرشید خان، طاہر مرچنٹ اور کریم اللہ شیخ کو قصور وار قرار دیا تھا۔ عدالت نے محمد ڈوسا کو ٹاڈا قانون ، ہتھیار قانون اور دھماکا قانون کے تحت جرائم کے علاوہ آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت سازش اور قتل کا مجرم ٹھہرایا تھا جبکہ سلیم کو دھماکوں کے لئے ہتھیارگجرات سے ممبئی لانے کا مجرم قرار دیا تھا۔ معاملہ کے ایک مجرم مصطفےٰ ڈوسا کی پہلے ہی موت ہو چکی ہے۔یاد رہے کہ ممبئی میں ہوئے ان 13 سلسلہ وار بم دھماکوں میں 257 افراد ہلاک اور 700 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔