غیرقانونی تارکین وطن کی 16 گلی سڑی لاشیں برآمد
طرابلس ۔۔۔۔۔۔ لیبیا کے جنوب مشرقی علاقہ میں غیر قانونی تارکین وطن کی 16 گلی سڑی لاشیں ملی ہیں جن میں سے بعض لاشیں مصری باشندوں کی ہیں۔ جمعرات کو عالمی میڈیا نے لیبیا کی فوج کے ترجمان احمد مسماری کے حوالہ سے بتایا کہ تبروک نامی شہر سے 310 کلومیٹر دور علاقہ میں گشت کرنے والی تبروک زون کی فوج کو گلی سڑی لاشیں ملیں جن میں سے بعض لاشوں کی ریڈکریسنٹ نے شناخت کر لی ہے جو کہ مصری باشندوں کی ہیں ۔ جولائی میں بھی گشت کے دوران فوج کو لیبیا کے اس صحرائی علاقہ میں 20 لاشیں ملی تھیں جو کہ غیر قانونی مصری تارکین وطن کی تھیں جن کے بارے میں بعد میں معلوم ہوا کہ ان مصریوں کی ہلاکتیں شدید گرمی اور بھوک کے باعث ہوئی تھیں۔ واضح رہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد یورپ جانے کیلئے لیبیا کے راستے بحیرہ روم کو پار کرنے کی کوشش کرتی ہے۔