Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

11سالہ بچی کی پر اسرار بیماری

کارڈیف .... 11سالہ برطانوی بچی کی بیماری ڈاکٹروں کے لئے انتہائی پراسرار بن چکی ہے۔کیسی اسمتھ نامی بچی صحت مند تھی کہ اچانک توتلی زبان میں بات کرنے لگی اور 72گھنٹے میں ہی اس کی حالت تیزی سے خراب ہونا شروع ہوگئی۔ اسکی ماں نے بتایا کہ میری بچی انتہائی خوش مزاج اور صحت مندتھی کہ اچانک اسے یہ بیماری ہوئی ۔ ڈاکٹروں کے پاس لے کر گئے جو ابھی تک اس کی تشخیص نہیں کرسکے۔ اب وہ ہر وقت بستر پر لیٹی رہتی ہے۔ پہلے تو اسکی زبان لڑکھڑانا شروع ہوئی اور 3دن بعد بولنے کے بھی قابل نہیں رہی۔ اب کئی ماہ سے اس نے ایک لفظ بھی نہیں بولا۔ نہ پڑھ سکتی ہے اور نہ ہی لکھ سکتی ہے۔ چل پھر بھی نہیں سکتی حتیٰ کہ ٹوائلٹ نہیں جاسکتی۔ وہ کسی کام کے قابل نہیں رہی۔ نہ تو کھاتی پیتی ہے اور نہ ہی کسی کے ساتھ کھیل سکتی ہے۔ اگر آپ اسے کوئی چیز کھانے کو دیں تو غصہ ہوجاتی ہے۔ اسے دیکھ کر دل کڑھتا ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ ایسا کب تک جاری رہیگا۔ گھر میں ہر شخص ہی پریشان ہے۔ کئی مرتبہ میں نے سوچا کہ اس بچی کے بجائے مجھے یہ بیماری ہوجاتی۔ اب تک ڈاکٹر بیماری کی وجہ معلوم نہیں کرسکے۔ والدین نے لندن کے ایک بڑے اسپتال کے اسپیشلسٹ سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ انکے پاس6مہینے تک کوئی وقت نہیں۔ اس وقت ہماری زندگی جہنم بنی ہوئی ہے۔ ہمیں خدشہ ہے کہ جلد علاج نہ ہوا تو حالت مزید خراب ہوجائیگی۔ کیسی اتنی مایوس ہے کہ وہ گھر سے باہر جانے سے انکار کردیتی ہے۔ کبھی کبھار تو خود کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتی ہے۔ اب زیادہ تر اپنے کمرے میں بند رہتی ہے اور اپنے دوستوں سے بھی نہیں ملتی حتیٰ کہ والدین کے ساتھ بھی رابطہ نہیں رکھنا چاہتی۔ اسے تو ہمارا وجو د ہی برا لگتا ہے۔ ہم اسکے ساتھ بات چیت کے قابل نہیں رہے۔ ماں کا کہناتھا کہ اکتوبر 2016ءمیں گیارہویں سالگرہ کے موقع پر ہم نے اسکی حالت کے بارے میں آثار دیکھے تھے۔ اس وقت اس کی قوت سماعت متاثر ہوئی تھی جبکہ اسی کے ساتھ اسکا رویہ بھی بگڑتا جارہا تھا لیکن جب اسکی قوت گویائی ختم ہوئی تو پھر ہم الرٹ ہوئے۔

شیئر: