بندر اوزاروں کے استعمال میں طاق ہوگئے
آکسفورڈ ۔۔۔۔ بندر کے بارے میں یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ وہ انسان کی بھرپور نقل کرنے کی کوشش کرتا ہے اور اکثر کامیاب بھی ہو جاتا ہے۔ تحقیقی رپورٹ کے مطابق میکاک نسل کے بندر زیادہ ذہین اور ہوشیار ہوتے ہیں۔وہ انسان کو دیکھ کر مختلف اوزار استعمال کرنے میں تیزی سے مہارت حاصل کر رہے ہیں ۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بندروں کی یہ ذہانت یقینی طور پر ایک اچھی بات ہے مگر اعداد و شمار افسوسناک حد تک تکلیف دہ ہیں کیونکہ ایک اندازے کے مطابق ان ذہین اور چالاک بندروں کی نسل تیزی سے نا پید ہو رہی ہے ۔ جلد ہی اس کے نایاب ہوجانے کا خدشہ ہے ۔ تجربہ کے دوران بندروں کو مختلف اوزار دئیے گئے۔ ان کے سامنے ہی کچھ لوگوں نے ایسے ہی اوزاروں کی مدد سے مختلف کام کئے ۔ تھوڑی دیر کے بعد یہ بندر بھی ان اوزاروں کو اسی ہوشیاری اور چالاکی سے استعمال کرتے نظر آئے ۔ کہا جاتا ہے کہ بندروں کی یہ نسل زیادہ تر تھائی لینڈ میں پائی جاتی ہے ۔ آکسفورڈ کے شعبہ حیوانات کے ایک محقق نے اس رپورٹ کی تیاری کی نگرانی کی ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان بندروں کو نیست و نابود ہونے سے بچانے کی ترکیبیں کی جائیں ۔