انسانی حقوق کے ادارے قطر پر برس پڑے
ریاض .... انسانی حقوق کے اداروں نے جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے 36ویں سیشن سے خطاب کے دوران قطری وزیر خارجہ محمد عبدالرحمان آل ثانی کی لن ترانیوں کا جواب دیا ہے۔ انسانی حقوق کے اداروں کا کہناہے کہ قطری وزیر خارجہ نے انسانی حقوق کے عالمی ممبر کو غلط بیانیوں اور عالمی رائے عامہ کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے استعمال کیا۔ انہوں نے اپنے یہاں انسانی حقو ق کی پاسداری کے دعوے بڑھ چڑھ کر کئے۔ انہوں نے کہاتھا کہ قطرانسانی حقوق کے عالمی اداروںکے ساتھ بھرپور تعاون کررہا ہے۔ یہ سب دعوے تھے ،حقیقت سے انکا کوئی تعلق نہیں۔ قطر ملازمین کے حقوق سب سے زیادہ پامال کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ اگر کوئی غیر ملکی کارکن قطر میں زخمی ہوجاتا ہے تو اسے مناسب طبی نگہداشت مہیا نہیں ہوتی۔ انسانی حقوق کے ادارو ںنے قطر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔