آستانہ...صدرممنون حسین نے کہاہے کہ افغان مسئلہ جنگ سے نہیں بات چیت سے حل ہوگا۔پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کے لئے افغان بھائیوں کی مددکرتارہے گا۔آستانہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پاکستان کامستقبل تابناک ہے۔سی پیک کی تکمیل کے بعد پاکستان خطے کاسب سے اہم ملک بن جائے گا۔گزشتہ برسوں کے دوران قومی معیشت اطمینان بخش رفتارسے آگے بڑھی۔سی پیک منصوبے مکمل ہونے کے بعد معیشت میں مزیدبہتری آئے گی۔ بجلی بحران کے خاتمے کےلئے حکو متی اقدامات کاذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018ءکی پہلی سہ ماہی میں لوڈشیڈنگ ختم ہوجائےگی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سال میں زرعی شعبے کی کارکردگی شانداررہی ہے۔ انہوں نے سائنسدانوں پرزوردیاکہ وہ زرعی تحقیق پرتوجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے برین ڈرین کازمانہ ختم ہوچکا۔اب پاکستانی ماہرین اوراہل علم وطن کی خدمت کے لئے پاکستان واپس آئیں گے۔صدرممنون نے بتایاکہ وسط ایشیاکے لئے فضائی آمدورفت کی بحالی پرکام ہورہاہے۔