انٹرکی طالبہ کو قتل کرکے نعش پہاڑوں پر پھینک دی
حیدرآباد۔۔۔۔۔۔حیدرآباد کے نواحی علاقہ میاں پور کے مدینہ گوڑہ میں انٹرمیڈیٹ سال دوم کی طالبہ کی لاش پائی گئی۔نامعلوم افراد نے اس کا قتل کرکے لاش کو امین پور کی پہاڑیوںمیں پھینک دیا ۔اس کی لاش دیکھ کر مقامی افراد نے پولیس کو اس بات کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس وہاں پہنچی جس نے پنچ نامہ کرکے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا ۔ اس لڑکی کی شناخت باچوپلی کے پرائیویٹ کالج میں انٹر سال دوم کی طالبہ چاندنی جین کے طورپر کی گئی ہے۔اسکے والد کشو ر جین نے بتایا کہ اس ماہ کی 9تاریخ کو کالج جانے کیلئے وہ گھر سے روانہ ہوئی ۔ اسکے بعد سے وہ گھر واپس نہیں ہوئی اور اس کا سیل فون بھی بند تھاجس کے بعد اسکے پریشان والدین نے ہفتہ کو پولیس میں رپورٹ درج کرادی ۔پولیس نے اس کی گمشدگی کی شکایت درج کی اور اس کی تلاش شروع کردی تاہم کل اس کی لاش دستیاب ہوئی جس کے بعد پولیس نے اسکے والدین کو اس کی اطلاع دی۔ سائبرآباد کے جوائنٹ پولیس کمشنر نے جائے وقوعہ کامعائنہ کیا ۔پولیس نے اس سلسلہ میں رپورٹ درج کرکے جانچ شروع کردی۔چاندنی کی بہن نویدیتا نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہاکہ اسکی بہن کا قتل منصوبہ بندتھا۔اس نے گھر میں چاندنی کے کسی سے بھی جھگڑے کی تردید کی۔پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ لڑکی ، خود سے اُس مقام پر نہیں پہنچی بلکہ بعض افراد اس کو اس کی مرضی سے یا پھر زبردستی لے کر آئے ۔اے سی پی روی کمار کی نگرانی میں پولیس کی ٹیمیں اس معاملہ کی مختلف زاویوں سے جانچ کر رہی ہیں۔سنگاریڈی کے ایس پی چندرشیکھر ریڈی نے کہا کہ خاطیوں کو جلد پکڑ لیا جائے گا۔