ایپل کا نیا آئی فون ایکس لانچ کر دیا گیا
ایپل کے نئے آئی فون ایکس کو کیلیفورنیا میں ایپل کے ہیڈ آفس میں منعقدہ تقریب میں لانچ کر دیا گیا ہے۔فون کا بیزل لیس ڈسپلے 5.8 انچ کا ہے اور اس میں پہلی بار ہی او ایل ای ڈی ٹیکنالوجی کو ڈسپلے کے لئے استعمال کیا گیا ہے۔اسکا سپر ریٹینا ڈسپلے 458 پکسل فی انچ کا ہے۔ فون میں گلاس فرنٹ اور بیک دیا گیا ہے اور اس کے چاروں اطراف سرجیکل گریڈ اسٹین لیس اسٹیل موجود ہے۔ فنگر پرنٹ ٹیکنالوجی سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے اس فون کو چہرے کے ذریعے ان لاک کیا جائے گا۔ اس فیچر کو فیس آئی ڈی کا نام دیا گیا ہے۔کمپنی کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے ملی سیکنڈ میں ڈیوائس ان لاک کی جا سکے گی۔ فون میں کے اے الیون بائیونک پراسیسر دیا گیا ہے۔ ہوم بٹن کو ہوم اسکرین سے نکال دیا گیا ہے اور اب اوپر کی جانب سویپ کرنے سے آئیکون ظاہر ہوں گے۔ وائرلیس چارجنگ کا فیچر فون میں شامل کیا گیا ہے اور فون کو وائرلیس چارجنگ پوڈ کے ذریعے چارج کیا جا سکے گا۔ اسکا بیٹری ٹائم ایپل کے دیگر اسمارٹ فونز کی نسبت دو گھنٹے زیادہ ہے۔ فون کے ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ میں 12 میگا پکسل کے دو بیک کیمرے شامل ہیں اور انکا سینسر پہلے فونز کی نسبت بڑا اور تیز ہے۔ فون کے فرنٹ پر بھی دو کیمرے ہیں۔ ایک انفراریڈ جبکہ دوسرا معمول کا سیلفی کیمرہ ہے۔اسکے ساتھ ساتھ پورٹریٹ لائٹننگ موڈ بھی کیمرہ سیٹ اپ کا حصہ ہے۔ آئی فون ایکس میں اینی موجی کا فیچر متعارف کروایا گیا ہے جسے چہرے سے کنٹرول کرکے ایموجی کے تاثرات کو بدلا جا سکتا ہے۔ نئے فیس فلٹرز بھی دیئے گئے ہیں جو کہ اسنیپ چیٹ سے ملتے جلتے ہیں۔ آئی فون ایکس واٹر اور ڈسٹ ریزیزٹنٹ بھی ہے۔ فون اسپیس گرے اور سلور رنگ میں پیش کیا گیا ہے۔ یہ ایپل کی تاریخ کا سب سے مہنگا فون ہے جس کی قیمت 999 ڈالرز ہے اور اس کے پری آرڈر 27 اکتوبر سے شروع ہوں گے جبکہ صارفین کو 3 نومبر سے ملنا شروع ہوگا۔