یوگی حکومت کو لٹیرے نظر آنے لگے مغل حکمراں
جمعرات 14 ستمبر 2017 3:00
جونپور۔۔۔۔اترپردیش کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر دنیش شرما نے کہا ہے کہ مغل حکمراں ہمارے آبائو اجداد نہیں بلکہ ’’لٹیرے‘‘تھے۔ اب یہی تاریخ لکھی جائیگی۔ ریاستی حکومت اس کیلئے نصاب میں تبدیلی بھی کریگی۔ شرما نے یہاں ایک پروگرام میں حصہ لینے کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں انہوں نے مزید کہا کہ جن مغل حکمرانوں نے غلط کیا ہے ہم انہیں لٹیرے مانتے ہیں۔ جنہوں نے اچھے کام کئے ہم ان کی تعریف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابر اور اورنگریزیب لٹیرے تھے ۔شاہجہاں ہاتھ کاٹنے والا تھا، وہیں منگل پانڈے نے کرانتی کی شروعات کی تو بہادر شاہ ظفر نے اس کی حمایت کی تھی اس لئے ہم ان کی کوئی مخالفت نہیں کرتے۔ ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔میں مذہبی تقریبات میں شرکت کرتا ہوں ، مزاروں اور گرجا گھروں میں بھی جاتا ہوں۔آج کے جدید زانے میں ہم اپنی حقیقت کو بھول رہے ہیں ۔ ہم نصاب میں اپنے حساب سے 30فیصد تک تبدیلی کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اکبر نے اچھے کام کئے ہونگے تو وہ تاریخ کے صفحات میں رہیں گے۔ تاریخ داں یہ طے کرینگے کہ اکبر کو کہا ں جگہ ملے گی۔ شرما نے کہا کہ بہادر شاہ ظفر اچھے مغل حکمراں تھے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی میانمار میں ان کے مزار پر گئے تھے۔