ہم ہشتگرد نہیں ، غریب مسلمان ہیں، سپریم کورٹ میں درخواست
جمعرات 14 ستمبر 2017 3:00
نئی دہلی۔۔۔۔روہنگیا مسلم پناہ گزینوں کو ہندوستان سے باہر نکالے جانے کے حکومت کے سخت موقف کے بعد کمیونٹی نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ کمیونٹی نے عدالت میں ایک درخواست دائر کرکے کہا ہے کہ ان کا دہشتگردی اور کسی بھی دہشتگردانہ تنظیم کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ۔ اپنی درخواست میں روہنگیاکمیونٹی نے یہ بھی کہا کہ وہ صرف مسلمان ہونے کی وجہ سے تشدد کا نشانہ بنائے جارہے ہیں۔ جموں میں رہنے والے7ہزار روہنگیا پناہ گزینوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارا دہشتگردی سے کوئی واسطہ نہیں یہاں تک کہ جب سے ہم جموں میں رہ رہے ہیں ہمارے خلاف ایسا کوئی بھی الزام نہیں لگا۔ ہمارے درمیان سے کوئی بھی شخص دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث نہیں پایا گیا۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیاہے کہ مقامی پولیس نے ایک سال پہلے روہنگیا مسلمانوں کے خاندان کی مکمل تحقیقات کرکے معلومات جمع کی تھی۔سبھی لوگ پولیس سے مکمل تعاون کرتے ہیں ۔ہمارے درمیان ایک بھی دہشتگرد نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم غریب مسلمان ہیں ۔اس درخواست پر اگلے پیر کو سماعت ہوگی۔واضح ہوکہ وزارت داخلہ کے مطابق14ہزار روہنگیا پناہ گزیں قانونی طور پر ہندوستان میں آبادہیں۔=