اسلام آباد... احتساب عدالت نے فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کے بعد سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں کو عزیزیہ ا سٹیل مل اور لندن فلیٹس ریفر نسز میں بھی طلبی کے نوٹس جاری کردئیے۔ریفر نسز کی سماعت19 ستمبر کو ہوگی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب ریفرنسز پرابتدائی سماعت کی۔ذرائع کے مطابق ایون فیلڈریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو19 ستمبر کوعدالت میں طلب کیا گیا ہے۔ نواز شریف کے دونوں بیٹوں حسین ،حسن نواز، بیٹی مریم نواز اورانکے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکو بھی طلبی کے نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔سمن میں کہا گیا کہ ملزمان منگل 19 ستمبر کو احتساب عدالت میں حاضر ہو کر الزامات کا جواب دیں۔احتساب عدالت میںکارروائی کے دوران میڈیا کے داخلے پر پابندی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت نے فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف ان کے بیٹوں کے سمن جاری کئے تھے۔