دریائے جمنا میں کشتیاں الٹنے سے25غر ق آب
جمعرات 14 ستمبر 2017 3:00
لکھنؤ۔۔۔۔۔۔ریاست اتر پردیش میں دریائے جمنا میں 2 کشتیاں ڈوبنے سے 25 افراد ہلاک ہوگئے۔ باغپت کے قریب کشتی ڈوبنے سے 22 افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ کشتی میں 60 افراد سوار تھے جن میں سے اکثریت خواتین کی تھی۔ ریسکیو آپریشن میں 12 افراد کو بچالیا گیا جو معمولی زخمی ہوئے ۔ انہیں طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ضلع باغپت کے مجسٹریٹ کے مطابق کشتی میں صرف 35 افراد کے سوار ہونے کی گنجائش تھی لیکن کشتی میں اس سے زیادہ افراد موجود تھے جو حادثے کا سبب بنی ۔اترپردیش کے وزیر اعلیٰ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کیلئے 2 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے ۔ حادثے کا شکار ہونے والے متاثرین کے اہلخانہ نے غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجاً دلی سہارنپور ہائی وے کو ٹریفک کیلئے بند کردیا جبکہ پولیس والوں پر پتھراؤ کے ساتھ ساتھ متعدد گاڑیاں بھی نذرآتش کیں۔ مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کے نتیجے میں خاتون پولیس انسپکٹر سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ۔ دریں اثناء جمنا میں ایک اور کشتی کے غرقاب ہونے کی بنا پر 3عورتوں کی ڈوب کر موت ہوگئی۔ تینوں کی لاشیں برآمدکرلی گئیں ،انھیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ حادثہ کل صبح پیش آیا جب دریا کی دوسری جانب گھاس کاٹنے کیلئے مزدور جارہے تھے۔