مارکیٹ میں حاضری کم ،سرمایہ کار دلجمعی سے کام کرتے نظر نہیںآئے
جدہ (غیاث الدین)گزشتہ ہفتہ عید کی چھٹیوں کے بعد پہلا ہفتہ تھا جس میں پانچوں دن اسٹاک مارکیٹ میں کام ہوا لیکن اب بھی اسٹاک مارکیٹ میں حاضری کم رہی اور سرمایہ کار پوری دلجمعی کے ساتھ کام نہیں کرتے نظرآئے۔ پورے ہفتے میں 393ہزار سودے ہوئے جبکہ کاروباری مالیت بھی 15.5ارب ریال رہی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 12.56پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 7373.17پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 600ملین اضافے کے بعد 1739ارب ریال تک پہنچ گئی اگر ہم انفرادی کمپنیوں پر نظر ڈالیں تو معلوم ہو گا کہ عنایہ انشورنس کو فوقیت حاصل رہی جس میں 9ملین حصص کا کاروبار ہوا۔ اس کی قیمت 29.25فیصد اضافہ کے بعد 25.90ریال پر بند ہوئی جبکہ امانہ انشورنس کی قیمت 14.55فیصد فروغ کے بعد 29.53ریال تک پہنچ گئی۔ نقصان میں جانے والی کمپنیوں میں المراعی ٹاپ پر رہی جس کی قیمت 11.21فیصد تنزلی کے بعد 74.21ریال پر بند ہوئی اور اس میں 20ملین حصص کا کاروبار ہوا۔ انرجی سیکٹر میں الدریس کو فوقیت حاصل رہی جس کی قیمت 6.83فیصد اضافے کے بعد 28.61ریال پر بند ہوئی۔ میٹریلز شعبے میں تاسئی کو فوقیت رہی جس کی قیمت 7.12فیصد فروغ کے بعد 15.43ریال تک پہنچ گئی۔ ریٹیل اسٹیٹ سیکٹر میں الریاض ڈویلپمنٹ کو سب سے زیادہ نقصان ہوا جس کی قیمت 3.81فیصد کمی کے بعد 18.11ریال تک گر گئی۔