ممبئی کی آر کے اسٹوڈیومیں خوفناک آتشزدگی
ممبئی۔۔۔۔۔۔ممبئی کے چنبور علاقے میں واقع آر کے اسٹوڈیومیں زبردست آگ لگ گئی ۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی 6گاڑیاں اور عملہ نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کردی ہے۔ آگ اتنی ہولناک ہے کہ فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیا ں جائے وقوعہ پر پہنچائی گئیں۔ ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیا گیا۔آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرتے رہے۔ آتشزدگی سے اسٹوڈیو بری طرح جل کر تباہ ہوگیا اور بڑے پیمانے پر نقصانات کا اندیشہ ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔ اطلاع کے مطابق اسٹوڈیو میں ’’سپرڈانسر شو‘‘کی شوٹنگ چل رہی تھی جس کے دوان آگ لگ گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران آگ لگنے کی وجہ شاٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے۔آگ بجھانے کیلئے 6فائر انجن5واٹر ٹینکر اور ایمبولینس گاڑیاں موقع پر موجود ہیں۔یاد رہے کہ آر کے اسٹوڈیو 1948ء میں فلمی دنیا کی مشہور ہستی اور اداکار راج کپور نے قائم کیاتھا۔ 1948ء میں ہی آر کے اسٹوڈیو کے بینر تلے’’آگ‘‘بنائی گئی ، جس میں راج کپور اور نرگس نے بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ آوارہ، برسات، بوٹ پالش، سری 420، میرانام جوکر ، بابی ، رام تیری گنگا میلی، جیسی مشہور اور کامیاب فلمیں بنائی گئیں ۔رشی کپو راس وقت آر کے اسٹوڈیو کے مالک ہیں۔