آزادی کپ :آئی سی سی کی پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد
دبئی:کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹر نیشل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین کھیلی گئی سیریز آزادی کپ کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارک باد پیش کی۔آئی سی سی ڈائریکٹر جائلز کلارک اور چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے ایک ویڈیو پیغام میں ورلڈ الیون کی بہترین مہمان نوازی پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔دونوں عہدیداروں نے اپنے پیغامات میں کہا کہ آزادی کپ سیریز کے دوران پاکستانی قوم نے کرکٹ کے لیے اپنے جذبات کا بہترین مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی کھلاڑیوں کےلئے ایسا ماحول فراہم کیا جس میں وہ اپنے ٹیلنٹ کا بہترین مظاہرہ کر سکیں۔جائلز کلارک اور ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ،ملک میں کرکٹ کی بحالی کے لیے ایک چھوٹا قدم ہے تاہم اس دورے سے ظاہر ہے کہ اب آئی سی سی کی فل ممبر ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔آزادی کپ کے ابتدائی دو میچز دیکھنے والے آئی سی سی ڈائریکٹر جائلز کلارک کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون ٹیم کا استقبال پاکستان میں غیر معمولی تھا اور قذافی اسٹیڈیم میں پاکستانی شائقین جیسا ردِ عمل انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھا۔ ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ آزادی کپ کا لاہور میں کامیابی سے انعقاد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کےلئے اعتماد بحال کرنے میں انتہائی اہم قدم ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی راتوں رات نہیں ہو سکتی تاہم سپر لیگ کا فائنل پہلا قدم جبکہ ورلڈ الیون کی سیریز دوسرا قدم ہے۔