لندن ...وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے بیان پر قومی سلامتی کا جواب پاکستان کی پالیسی ہے۔لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوا ور برطانوی اخبار کو انٹرویو میں انہوںنے کہا کہ نوازشریف سے پارٹی اور دیگر معاملات پر بات ہوئی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سازشیں چلتی رہتی ہیں، یہ کوئی نئی بات نہیں ۔سازشوں کا مقابلہ کیا جاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ ٹرمپ کے بیان کا قومی سلامتی نے جواب دے دیا یہی ہماری پالیسی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں کی ہیں۔انہوں نے امر یکہ کو خبردار کیا کہ پاکستان کا اتحادی کا درجہ ختم کرنے میں اس کا اپنا نقصان ہے۔ اگر امر یکہ نے پاکستان کا غیرنیٹو اتحادی کا درجہ ختم کیا تو افغانستان میں امریکی فوجی مہم اور تجارتی مفادات کو نقصان پہنچے گا۔ دہشت گردی کو بھی فروغ ملے گا۔ انہو ںنے امریکی حکومت کی پالیسی کو الجھاو کا شکار قرار دیا۔