Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مودی حکومت اسمبلی انتخابات میں فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے، کانگریس

    نئی دہلی۔۔۔۔۔۔کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی گجرات میں سردار سرور ڈیم کا افتتاح کرکے اسمبلی انتخابات میں فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور مودی حکومت گجرات کے کھیتوںمیں پانی پہنچانے میں ناکام رہی ہے۔ کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجیوالا نے ایک بیان میں کہا کہ اُس وقت کے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے 1961 میں اس ڈیم کی بنیاد رکھی تھی۔ 1987 تک اس کی تعمیر کے سلسلے میں ماحولیاتی اور دیگر بہت سی رکاوٹیں آتی رہیں لیکن اسی دوران سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی نے تمام رکاوٹوں کو ختم کرکے ڈیم کی تعمیر کا راستہ ہموار کیا تھا۔ بی جے پی  ’گجرات ماڈل ‘کی تشہیر کرتی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ریاست میں 22 سال اس کی حکومت رہی لیکن کسان کے کھیت تک پانی پہنچانے کیلئے نہروں کی تعمیر نہیں کی گئی۔ بی جے پی حکومت کے 22 سال کے دوران گجرات میں 20 فیصد نہروں کا نیٹ ورک بھی تیار نہیں ہوا۔ ابھی سردار سرور ڈیم کی جھیل میں پانی توکافی ہے لیکن اس پانی کو نہروں کا جال نہ بچھائے جانے کے باعث ایک بھی کسان کے کھیت تک نہیں پہنچایا جا سکتا ۔سرجیوالا نے کہا کہ سردار سرور ڈیم کی تعمیر کی راہ میں حائل 90 فیصد رکاوٹوں کو 1987 میں راجیو گاندھی کی قیادت والی حکومت نے ختم کردیا تھا۔ اس کے بعدبند کی تعمیر کی رفتار میں اضافہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں 90 ہزار 389 کلومیٹر نہروں کی تعمیر کا ہدف رکھا گیا تھا لیکن بی جے پی کی حکومت صرف 18 ہزار 803 کلومیٹر نہروں کی ہی تعمیر کر سکی ۔کسان کے کھیت میں سردار سرور ڈیم کا پانی نہیں پہنچ رہا۔ ریاستی عوام گجرات کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو اس کا جواب دیں گے۔

شیئر: