اسلام آباد.. وزیر مملکت برائے پٹرولیم جام کمال نے قومی اسمبلی کوبتایا ہے کہ اس سال اب تک تیل و گیس کے 8 نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ4 سال کے دوران7 ہزار 750 میگاواٹ سے زائد بجلی نیشنل گرڈ سسٹم میں شامل کی گئی ۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار ی صلاحیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ جو2013 میں18گھنٹے تھا کم ہوکر 2گھنٹے رہ گیا ۔ نومبر اور دسمبر تک قومی گرڈ میں مزید بجلی شامل کی جائے گی جس سے ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ لائن لاسز کم کرنے کے لئے سسٹم کو بھی جدید بنایا جارہا ہے۔وزیرمملکت نے ایوان کو بتایا کہ نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کی پہلی ٹربائن آئندہ سال مارچ سے کام شروع کردے گی ۔ پورا منصوبہ اگلے سال جولائی تک مکمل ہوگا۔