حکومت، عوام کی امنگوں پر پورا اترنے کیلئے اقدامات کرے،شتروگھن
جمعرات 21 ستمبر 2017 3:00
پٹنہ۔۔۔۔۔۔۔اپنی ہر بات بلا خوف و خطر عوام اور میڈیا کے سامنےپیش کرنے والے شتروگھن سنہا نے مرکزی حکومت کی کارگزاریوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ3 سال مکمل ہو چکے ہیں، حکومت کو اب سنبھل جانا چاہیے۔انہوں نے ملک کی معیشت کی ابتر حالت اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے ساتھ ساتھ کسانوں کی خودکشی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس کوئی ’وژن‘نظر نہیں آ رہا ہے۔ ملک کی موجودہ صورت حال کا اظہار ٹوئٹر پر کیا۔شتروگھن سنہا نے ٹویٹ کیا کہ ’’نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کےنفاذ سے سرمایہ کاری کا شعبہ بحران کا شکار ہوگیا۔ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتیں بدحالی کے راستے پر گامزن ہیں۔‘‘ انہوں نے بی جے پی کو اب بھی سنبھل جانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے3 سال مکمل ہو چکے ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ حکومت موجودہ مسائل کا حل نکالنے کے لیے کوئی فوری ٹھوس قدم اٹھائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کے ذریعہ دیے گئے مینڈیٹ کا خیال رکھے اور ان کی امنگوں پر پورا اترنے کے لیے آگے بڑھے۔