موارا جاوا انڈونیشیا.... انڈونیشی صوبے کلیمنتان کے اس علاقے میں ایک شخص اپنے غیر معمولی ہونے کادعویدار تھا اور شیخیاں بگھارنے کے حوالے سے علاقے میں اسکا کوئی جواب نہیں تھا۔ حتی کہ وہ اس بات کا بھی دعویدار تھا کہ اگر خطرناک سے خطرناک مگر مچھ سے اسکا پالا پڑ جائے تو اسکا کچھ نہیں بگڑے گا۔ اسکے اسی دعوے کے پیش نظر مقامی لوگوں نے اسے مگر مچھوں سے بھرے ہوئے ایک آبی ذخیرے میں اترنے کو کہا جہاںایک دن قبل ایک شخص مگر مچھ کے حملے کا شکار ہوکر غائب ہوگیاتھا مگر اسکی نعش نہیں ملی تھی۔ مقامی لوگوں کے اصرار پر بھی وہ اپنے دعوے پر قائم رہا اور پانی میں اتر کر لاپتہ لاش کو ڈھونڈنے کی کوشش کر بیٹھا۔ عینی شاہدین کا کہناتھا کہ ابھی اسے پانی میں اترے دو سے چار منٹ ہی ہوئے ہونگے کہ کہیں سے ایک مگر مچھ نکلا اور اس نے اپنے جبڑے میں اس شخص کی کی ٹانگ پکڑ کر اسے پانی کے اندر کھینچ لیا۔واضح ہو کہ اس علاقے میں اس قسم کا چوتھا مگر مچھ حملہ تھا۔ کہا جاتاہے کہ کچھ دیر بعد سپیانتو نامی شخص کی نعش کچھ دور فاصلے پر ملی تو لوگوں کو یقین ہوا کہ یہ جھوٹے دعوے کرتا تھا۔ موقع کی وڈیو دیکھ کر بہت سے لوگ حیران ہیں۔