کراچی ... پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں سی کنگ ہیلی کاپٹر سے کھلے سمندر میں اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شمالی بحیرہ عرب میں فائر پاور کے مظاہرے کے دوران پاکستان نیوی کے سی کنگ ہیلی کاپٹر نے فضا سے سطح آب میں مار کرنے والے اینٹی شپ میزائل فائر کیا ۔میزائل نے اپنے ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔ جو ہتھیاروں کی ہلاکت خیزی اور نیول فلیٹ کی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکااللہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایڈمرل ذکا اللہ نے کہاکہ پاکستان نیوی فلیٹ کی جنگی تیاریوں پر فخر ہے۔پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر سی کنگ سے کامیاب فائرنگ پاکستان نیوی فلیٹ کی جنگی تیاری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ بحری مشقوں میں شامل افسران اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں قابل ستائش ہیں۔ پاک بحریہ وطن عزیز کی بحری سرحدوں اور مفادات کا ہرقیمت پر تحفظ کرے گی۔