کیسے آپ بھی بن سکتے ہیں کروڑ پتی،حکومت کا نیا منصوبہ
نئی دہلی۔۔۔۔۔۔آپ اگر کروڑ پتی بننا چاہتے ہیں تو اب’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘پروگرام میں شرکت کی ضرورت نہیں بلکہ یہ کام اب آپ اپنے ہم سایہ پر نظر رکھ کر بھی کر سکتے ہیں۔ مودی حکومت کی طرف سے بے نامی جائیداد کے تعلق سے ایک منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کے تحت آپ بس یہ پتہ لگائیں کہ آپ کے ہم سایہ کی جائیداد بے نامی تو نہیں،یہ معلومات آپ حکومت کو دیں اور ایک کروڑ تک انعام پائیں۔ یہ منصوبہ فی الحال وزارت خزانہ کے زیر غور ہے ۔ اتفاق رائے ہونے کے بعد سی بی ڈی ٹی کی طرف سے اسے نافذ کر دیا جائے گا اور اکتوبر یا نومبر میں اس کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔حکومت بے نامی جائیداد کے خلاف بڑی کارروائی کرنے کی تیاری کر چکی ہے۔ سینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس کے افسر کا کہنا ہے کہ بے نامی جائیداد کی جانچ کی جا رہی ہے اور اطلاع دینے والے شخص کو ایک کروڑ کا انعام دیا جائے گا۔ نام نہ بتانے کی شرط پر انہوں نے بتایا کہ اطلاع دینے والے شخص کو کم سے کم 15 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک انعام دیا جائے گا۔بے نامی جائیداد قانون کو گزشتہ سال پارلیمنٹ سے منظوری مل گئی تھی ۔اب جب حکومت کروڑوں کا لالچ دے کر لوگوں کو مخبر بنانے کی کوشش کر رہی ہے اس کے کیا نتائج سامنے آ سکتے ہیں؟ اس جانب حکومت کا کوئی دھیان نہیں ہے۔ ہمارے ملک میں موقع ملتے ہی متعدد لوگ ایک دوسرے کا گلا کاٹنے کو تیار رہتے ہیں ، ایسے میں اگر کروڑو رپے دکھائی دے رہے ہوں تو ایک دوسرے کی بغیر سوچے سمجھے شکایتیں ہونی شروع ہو جائیں گی۔ دوسری طرف جس کی شکایت ہوگی ،اگر اس کو شکایت کرنے والے کا نام پتہ چل گیا ، تو پھر وہ بدلے میں کوئی بھی قدم اٹھا سکتا ہے۔ حکومت بھلے ہی دعویٰ کرے کہ نام کو راز رکھا جائے گا ۔لیکن رشوت کا بازار یہاں کس قدر گرم ہے یہ سب کے سامنے ہے۔