Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شریف فیملی اور اسحاق ڈار کے گرد گھیرا تنگ

اسلام آباد(صلاح الدین حیدر) نواز شریف ،شہباز شریف ،خاندان کے ارکان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے۔ ان کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔ اثاثے ،بینک اکاﺅنٹ منجمد ہونے، عدالتوں کی طرف سے اثاثہ جا ت کی خرید و فروخت پر پابندی اور اب لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر2014 میں ہونے والے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ سابق صدر پرویز مشرف کا حالیہ وڈیو بیان منظر عام پر آیا ہے جس میں آصف علی زرداری پر ان کی اپنی اہلیہ اور سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے قتل کا الزام لگایا گیا ہے جو اہمیت کا حامل ہے ۔خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ سب کسی بڑے منصوبے کا حصہ ہے۔ ایک با ت یقینی ہے اس پر بیشتر تجزیہ نگار متفق ہیں کہ شریف خاندان کا کوئی فرد مستقبل قریب میں گرفتاری اور احتساب کورٹ میں ممکنہ ٹرائل کے خوف سے واپس نہیں آئے گا ۔حالیہ رونما ہونے والی پیش رفت سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ملک پر30 برس تک حکمرانی کرنے والے شریف فیملی کے ہاتھ سے معاملات نکل رہے ہیں۔80 کی دہائی میں نواز شریف وزیر خزانہ تھے اور وہ اس وقت کے ملٹری گورنر پنجاب جنرل جیلانی کے زیر اثر تھے۔ ضیاءالحق دور میں کرائے گئے غیر جماعتی انتخابات میں کامیابی کے بعد نواز شریف ملک کے اہم صوبے پنجاب کے وزیر اعلی بن گئے۔ اگر چہ انہوں نے کچھ بر س جلا وطنی میں بھی گزارے لیکن اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ جلا وطنی کے بعد2007میں آندھی کی طرح وطن واپس آئے اور 2013 میںتیسری مرتبہ ملک کے طاقتور وزیر اعظم بنے۔ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف اور ان کے خاندان کے ملک سے باہر جانے پر پابندی کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے مگر جب تک عدالت اس معاملے میں کوئی فیصلہ نہیں کرتی اس بارے میں کوئی بھی پیشگوئی قبل از وقت ہوگی ۔قائد لیگ کے سینیٹر کامل علی آغا نے ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ لگتا ہے کہ شریف خاندان کافی مشکل میں ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ خود انہوں نے ہی کرنا ہے ۔شریف فیملی اپنی حکمت عملی سے مطمئن نظر آتی ہے۔ اگر ان کے خیال میں عدالت کے احکامات نہ ماننا درست ہے تو وہ عدالت میں پیش ہونے کے بجائے لڑنے کو ترجیح دیں گے۔ عدالت میں ان کے خلاف ریفرنسز کی سماعت شروع ہو چکی ہے۔ معروف تجزیہ نگا ر سہیل وڑائچ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ شریف خاندان احتساب عدالتوں میں پیش نہیں ہوگا۔ یہ واضح موقف ہے ۔یہ بات نظر آرہی ہے کہ شریف خاندان عدالتی کارروائی کو نظر انداز کرے گا۔

 

شیئر: