طائف.... محکمہ شہری دفاع کے اہلکاروں نے وادی حویہ نمار میں سیلابی ریلے میں پھنسے 37 افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ۔ شہری دفاع کے ترجمان نے سبق نیوز کو بتایا کہ سیلابی ریلا وادی حویہ ، المحمدیہ سے ہوتا ہوا الشفا کی پہاڑیوں تک پھیلا ہو اتھا جہاں سے راستہ مکہ مکرمہ کی جانب جاتا ہے ۔ محکمہ شہری دفاع کے ریجنل ترجمان کرنل سعید سرحان نے بتایا کہ ریجن میں بارش کی وجہ سے نشیبی وادیوں میں سیلابی ریلے سے بعض راستے ٹریفک کےلئے بند ہو گئے تھے جہاں سفر کرنے والے متعدد افراد پھنس گئے ۔ محکمہ کو سیلابی ریلے میں پھنس جانے والوں کے بارے میں اطلاع ملی جس پر محکمہ کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں جنہوں نے فوری طور پر سیلابی ریلے میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالا ۔ کرنل سرحان کا کہنا تھا کہ جن افراد کو سیلابی ریلے سے نکالا گیا ان میں 2 خواتین بھی شامل تھیں جو سیلابی ریلے سے پریشان ہو گئی تھیں انہیں معمولی زخم آئے جنہیں ابتدائی طبی امداد دیکر فارغ کر دیا گیا ۔ کرنل سرحان کا کہنا ہے کہ ان دنوں پہاڑی علاقوں میں بارشوں کا سیزن ہے جس کے پیش نظر وادیوں میں قیام کرنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ان راستوں پر سفر نہ کریں جو سیلابی ریلے کی گزر گاہیں ہیں ۔