نیویارک...اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ عالمی برادری کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی رکوانے کیلئے ہند پر دباو ڈالے۔پاکستان مذاکرات کے ذریعے تمام تصیفہ طلب مسائل کے حل کا خواہشمند ہے۔ نئی دہلی کو دہشتگردی کی پالیسی ترک کرنا ہوگی۔ ملیحہ لودھی نے پاکستان پر دہشت گردی بر آمد کرنے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے ہند کو جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کی جڑ قرار دیا۔اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیاکی سب سے بڑی جمہوریت سب سے بڑی منافقت ہے۔ نئی دہلی بہتان تراشی پر اتر آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر ہندوستانی قبضہ غیر قانونی ہے۔ وادی میں ہندوستانی جرائم کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کشمیر، ہندکا حصہ نہیں۔ اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری بھی اسے متنازعہ علاقہ تسلیم کرتی ہے۔ ایک ہی جھوٹ کو بار بار دہرانے سے وہ سچ میں تبدیل نہیں ہوگا۔ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرارداد کی میعاد ختم ہونے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی کی قرارداد وقت سے مشروط نہیں۔ ہند کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل سے انکار دھو کہ اور کھلی جارحیت ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہنددہشت گردی کو ریاستی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادیو نے پاکستان میں دہشت گردی کرانے اور اس کی معاونت کرنے کا اعتراف کیا ۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح پر تنقید کرنے والوں کے ہاتھ گجرات میں مسلمانوں کے خون سے رنگے ہیں۔ ہند میں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں۔