Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناروے کے بازار میں کھدائی

اوسلو.... ناروے کے شمالی شہر ٹرانڈیم میں کھدائی کے دوران ایک حیرت انگیز قبر برآمد ہوئی جسے زمانہ قدیم کے بحری قذاقوں وائکنگز کی کشتی قرار دیا جارہا ہے اور جو ایک ہزار سال پرانی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ مقامی بازار کے چوک میں کھدائی کا کام جاری تھا کہ اچانک اس قبر کا سراغ لگا۔ بظاہر پوری کشتی تباہ ہوچکی ہے مگر ماہرین کو کشتی کے اندر سے کچھ زنگ آلود کیلیں اور دیگر اشیاءملی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ وائکنگز کی روایت یہ رہی ہے کہ اگر سمندر میں رہتے ہوئے کسی وائکنگ یا انکے سرغنہ کی موت واقع ہوجائے تو اسے سمندر میں نہیں پھینکا جاتا تھا بلکہ کنارے لاکر اسی کشتی میں ڈالا جاتا اور پھر کشتی کو دفن کردیا جاتا تھا۔ یہ قبر بھی ایسی ہی کشتی کی مدفن بتائی جارہی ہے۔ کشتی کے اندر سے ہڈیوں کے ٹکڑوں کے علاوہ تانبے کی چادریں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ماہرین آثار قدیمہ کا خیال ہے کہ یہ کشتی 7ویں صدی سے 10ویں صدی قبل مسیح کے دوران کسی وقت یہاں دفنائی گئی تھی۔ واضح ہو کہ دنیا میں اس سے قبل بھی کئی ساحلی علاقوں سے ایسی قبروں کے ملنے کی اطلاعات ملی ہیں تاہم ان میں سے بعض میں جو کشتیاں تھی وہ مسافر بردار تھیں اور بعض کشتیاں ایسے ہی بحری لٹیروں اور قذاقوں کی ہوتی تھیں یا پھر ان پر لوٹ کا سامان رکھا جاتا تھا۔

شیئر: