اسلام آباد...احتساب عدالت نے آمدنی سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں دائر نیب ریفرنس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار پر فردِ جرم عائد کر دی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فردِ جرم کے نکات پڑھ کر سنائے ۔ اسحٰق ڈار نے صحت جرم سے انکار کیا۔انہوں نے کہا کہ الزامات بے بنیاد ہیں، بے گناہی ثابت کروں گا۔عدالت نے سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہان کو طلب کرلیا ۔ اسحٰق ڈار کو بھی اگلی پیشی پر حاضر ہونے کا حکم دیا گیا۔ پانامہ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے اپنی حتمی رپورٹ میں کہا تھا کہ اسحٰق ڈار کے اثاثوں میں بہت کم عرصے کے دوران 91 گنا اضافہ ہوا وہ 90 لاکھ روپے سے 83 کروڑ 10 لاکھ روپے تک جا پہنچے۔اسحٰق ڈار کے خلاف دائر ریفرنس میں دفعہ 14 سی لگائی گئی ہے، 14 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔اسحاق ڈار کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات تھے ۔