انڈر ٹیکر کے بعد جان سینا بھی ریٹائر؟
لاس اینجلس: دنیا بھر میں مقبول ریسلر جان سینا کو گزشتہ دنوں ڈبلیو ڈبلیو ای ایونٹ نو مرسی میں رومن رینز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ایسا لگتا ہے کہ وہ اب ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ چکے ہیں یا کہنے والے ہیں۔16 بار ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ چیمپیئن جیتنے والے جان سینا نے رومن رینز کے ہاتھوں شکست کے بعد بالکل اسی طرح وینیو میں موجود ہجوم کو الوداع کہا جیسے انڈرٹیکر نے ریسل مینیا 33 میں کہا تھا۔جان سینا میچ کے ختم ہونے کے بعد رنگ میں کچھ دیر موجود رہے اور ہجوم کے ساتھ تصاویر بنواتے رہے۔40 سالہ اسٹار نے پرستاروں اور اپنے رشتے داروں کو گلے بھی لگایا اور پھر بیک اسٹیج جانے کے لئے آگے بڑھے مگراس سے قبل انہوں نے ہجوم کی جانب منہ کرکے سیلوٹ بھی کیا۔جس سے اس خیال کو تقویت ملی کہ جان سینا کی ڈبلیو ڈبلیو ای میں یہ آخری شرکت تھی یا کم از کم اب وہ کچھ عرصے تک نظر نہیں آئیں گے۔میچ کے بعد بھی انہوں نے اپنے مستقبل اور ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کچھ اشارے دیئے مجھے اب لگتا ہے کہ میرا کردار مختلف ہے، باہری دنیا میں موجود مواقعوں سے قطع نظر، اب میں 40سال کا ہوچکا ہوں اور ڈبلیو ڈبلیو ای میں میرا تجربہ 15 سال کا ہے اور وہ بھی عام سطح پر نہیں بلکہ اعلیٰ ترین سطح پر، مجھے نہیں معلوم کہ اب میں مزید کتنا عرصہ مزید نظر آوں گا۔جان سینا گزشتہ دو سال سے ڈبلیو ڈبلیو ای سے طویل وقفوں کےلئے غائب ہوئے ہیں جس کی وجہ ان کا ہالی وڈ کیرئیر ہے۔اس وقت وہ 3 فلموں میں کاسٹ ہوچکے ہیں اور نومرسی میں شکست کے بعد بھی اب وہ کچھ وقت کےلئے وقفہ لے رہے ہیں یا ریٹائرمنٹ کا ارادہ رکھتے ہیں جو فی الحال واضح نہیں۔ ویسے ایک دہائی سے زائد عرصے تک ڈبلیو ڈبلیو ای برانڈ کا بوجھ اٹھانے کے بعد اب ان کا کردار بدل رہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ان کے عہد کا اختتام بھی ہوگیا ہے۔جان سینا ماضی میں بھی کہہ چکے ہیں کہ ان کےلئے اب ریسلنگ کی دنیا میں کام کرنا مشکل ہوچکا ہے اور رومن رینز سے شکست کے بعد تو انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اشارہ بھی دیا ہے۔میچ کے بعد ان کے پرستار" تھینک یو سینا ٰ"کے نعرے لگاتے رہے۔