ممبئی۔۔۔۔مہاراشٹر نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے کہا ہے کہ جس سوشل میڈیا سے وزیر اعظم نریندر مودی نے 2014میں اقتدار حاصل کیا اب وہی سوشل میڈیا مودی اور بی جے پی کو بھاری پڑ رہا ہے۔ اس کا اظہار راج ٹھاکرے نے اپنے سرکاری فیس بک کے صفحے پر کیا۔راج ٹھاکرے نے اپنے فیس بک پر تحریر کیا کہ جیسا آپ بوتے ہیں ویسا ہی کاٹتے ہیں ۔ بی جے پی پر یہ محاورہ صادق آتا ہے۔اس نے گمراہ کن میڈیا مہم چلاکر عام آدمی کے ساتھ دھوکہ کیا ،اب سوسل میڈیا کا وہی ہتھیار بی جے پی پر الٹا پڑرہا ہے۔ 2014کے عام انتخابات جیتنے کیلئے تمام اصول بالائے طاق رکھ دئیے گئے تھے۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ لوگوں کے جذبات بھڑکانے کیلئے ہر طرح کے ہتھکنڈے اپنائے گئے، مخالفین کی آواز کو دبایا گیا۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ نوٹ بندی کی اسکیم بڑی غلطی تھی، اس کی وجہ سے لوگوں کی ملازمتیں ختم ہوئیں ،معیشت کمزور ہوگئی ۔