Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی حادثہ:ہمیں دہشت گردوں کی کیا ضرورت۔۔۔۔۔؟: راج ٹھاکرے

ممبئی۔۔۔۔۔۔۔ممبئی ریلوے اسٹیشن کے ایلفنسٹن روڈ کے فٹ اوور برج پر گزشتہ روز ہونیوالی بھگدڑ میں 22افراد ہلاک اور 39‏زخمی ہوگئے تھے۔ اس معاملے پرسیاست کا بازار گرم ہوگیا ،سیاسی پارٹیوں نے حکومت پرتنقید شروع کردی ہے ۔ مہاراشٹر نونرما ن سیناکے سربراہ  راج ٹھاکرے نے بلیٹ ٹرین کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ 5 اکتوبر کو ان کی پارٹی ایم این ایس (مہاراشٹر نونرمان سینا) چرچ گیٹ پر مظاہرہ کرے گی۔ چرچ گیٹ مغربی ریلوے کا صدر دفتر بھی ہے اس لیے مظاہرے کے لیے اس مقام کا انتخاب کیا گیا ہے۔ راج ٹھاکرے نے آج ایک پریس کانفرنس میں حکومت کو دھمکی دی کہ  ایم این ایس ممبئی میں بلیٹ ٹرین کی مخالفت کرے گی۔ راج ٹھاکرے نے یہاں تک کہہ دیا ہے کہ جب تک ممبئی میں ریلوے کی حالت میں بہتر ی نہیں ہوگی اس وقت تک ان کی پارٹی ممبئی میں بلیٹ ٹرین پروجیکٹ کی ایک اینٹ بھی نہیں رکھنے دے گی۔ راج ٹھاکرے نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’ہمیں دہشت گردوں کی کیا ضرورت؟ ایسا لگتا ہے کہ لوگوں کو مارنے کے لیے ہمارے یہاں ریلوے ہی کافی ہے‘‘۔ راج ٹھاکرے نے ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر سال ٹرین حادثات  میں تقریبا 15 ہزارافراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، ان میں سے 6000 لوگ صرف ممبئی کے ہوتے ہیں۔صحافیوں نے سوال کیا کہ بی جے پی حکومت آنے سے کیا تبدیلی ہوئی؟اس کے جواب میں راج ٹھاکرے نے کہا کہ مودی حکومت آنے کے بعد صرف نوٹوں کے رنگ تبدیل کئے گئے اور کچھ بھی نہیں۔اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئےر اج ٹھاکرے نے کہا کہ نریندر مودی جھوٹ بول کر ہی اقتدار میں آئے ہیں۔ سریش پربھو اچھا کام کر رہے تھے لیکن انھیں نکال دیا گیا۔ راج ٹھاکرے نے شیو سینا کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر بی جے پی کام کرنے نہیں دے رہی تو پارٹی حکومت سے باہر کیوں نہیں ہو جاتی۔‘‘راج ٹھاکرے کے احتجاج پر محکمہ ریلوے نے واضح کیا کہ 2016میں اس فٹ اوور برج سے متصل نیا پل12.8کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیاجس کیلئےٹینڈر کارروائی جاری ہے۔

شیئر: