سعودی خاتون سے 6لاکھ ریال کیسے اینٹھے؟
قاہرہ ... مصر کی ایک عدالت نے سعودی طالبہ سے 6لاکھ ریال اینٹھنے والے پلاسٹک سرجری سینٹر کے مالک کے خلاف چھوٹی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے معاملہ سول کورٹ میںبھیج دیا ۔چھوٹی عدالت نے سینٹر کے مالک کو جولائی 2016ءمیں 3برس قید اور 50ہزار مصری پونڈ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔سینٹر کے مالک نے 28سالہ سعودی طالبہ سے یہ کہہ کر رقم اینٹھی تھی کہ ا سکے پاس انتہائی اعلیٰ درجے کی سرجری کے حوالے سے سامان فراہم کرنے والی امریکی ایجنسی ہے اور وہ اسے اس کاروبار میں شریک کرنا چاہتا ہے۔ خاتون نے رقم حوالے کردی تھی تاہم سینٹر کے مالک مصری شہری نے اسے سامان فراہم نہیں کیا ۔اس پر طالبہ نے عدالت سے رجوع کیا۔ اطلاعات یہ ہیں کہ سینٹر کے مالک پر مزید 25مقدمات چل رہے ہیں اور وہ عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد سے بچنے کیلئے روپوش ہوگیا ہے۔