جدہ.... پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے " رﺅی المدینہ " کمپنی قائم کردی اور " رﺅی الحرم المکی" کمپنی قائم کرنے کا عندیہ دے دیا۔ یہ دونوں کمپنیاں تین لاکھ 60 ہزار اسامیاں پیدا کریں گی۔ رﺅی المدینہ کمپنی مسجد النبوی شریف کے اطراف زائرین کی زیادہ سے زیادہ تعداد کھپانے والے منصوبے نافذ کرے گی۔ مدینہ منورہ کے سفر کو یادگار بنانے کیلئے مختلف منصوبے روبہ عمل لائے گی۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق 2030 ءتک مدینہ منورہ کے زائرین کی سالانہ تعداد 23 ملین تک پہنچ جائے گی۔ کمپنی مسجد نبوی کے مشرق میں 1.3 ملین مربع میٹر کے رقبے کو جدید خطوط پر استوار کرے گی۔ ایک دن میں 240 ہزار مسافروں کی رہائش کا بندوبست کرے گی۔ 80 ہزار کمرے اور 500 مکانات تیار ہونگے۔ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے اعلان کیا ہے کہ رﺅی الحرم المکی کمپنی حرم شریف کے شمال میں 8 لاکھ 45 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر منصوبوں کا پہلا مرحلہ نافذ کرے گی۔ 115 عمارتیں قائم ہونگی۔ 3 لاکھ 10 ہزار مسافروں کیلئے 70 ہزار کمرے بنوائے گی۔ پہلے مرحلے میں 9 ہزار مکانات مہیا ہونگے۔ 4 لاکھ سے زیادہ نمازیوں کیلئے گنجائش پیدا کی جائے گی اس منصوبے کا خانہ کعبہ سے آخری حصہ 1430 میٹر کے فاصلے پر ہوگا۔ یہ کمپنی مسجد الحرام کے اطراف کے علاقے کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرے گی۔ اس کی بدولت 2030 میں 160 ہزار سے زیادہ اسامیاں پیدا ہونگی۔