ساکلی میں فرقہ وارانہ تشدد، جامع مسجد پر حملہ
جلگاؤں۔۔۔۔بیاول تحصیل کے ساکلی میں تہوار کے دوران فرقہ وارانہ تشددبھڑک اٹھا جس میں 4افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ساکلی میں اکثریتی فرقے کے شرپسندوں نے ٹیپوسلطان کے بینر پر گلال پھینک دیا ۔مسلم نوجوانوں کے منع کرنے پر وہ چراغ پا ہوگئے اور چوک سے متصل پٹھان محلے میں جلاؤ گھیراؤ اور دکانوں میں توڑ پھوڑ کی۔دونوں فرقوں میں نصف گھنٹے تک سنگباری جاری رہی ۔اس میں 4افردا شدیدزخمی ہوگئے۔ اس دوران بجلی چلے جانے سے شرپسندوں نے گاؤں کی تاریخی جامع مسجد پر حملہ کردیا ۔مسجد پر حملہ کی خبر سنتے ہی کشیدی میں اضافہ ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حالات کو کنٹرول میں کیا۔ علاقے میں حالات کشیدہ مگر قابو میں ہیں۔