اسلام آباد...وزیر خارجہ خواجہ آصف3 روزہ دورے پر امر یکہ روانہ ہوگئے۔ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر مک ماسٹر سے ملاقات کریں گے۔دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق خواجہ آصف بدھ کو امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔ دو طرفہ تعلقات ، ٹرمپ انتظامیہ کی نئی افغان پالیسی ، افغانستان میں قیام امن کیلئے ممکنہ تعاون ،پاکستان کی سلامتی کو لاحق خطرات اور کشمیر سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پاک امریکہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی بحالی پر زور دیا جائے گا۔واضح رہے کہ خواجہ آصف کا دورہ امریکہ پہلے سے طے شدہ تھا ۔ ٹرمپ انتظامیہ کی نئی افغان پالیسی کے اعلان اور اس پر پاکستان کے تحفظات کے بعد یہ دورہ موخر کر دیا گیا تھا۔