ہینری ہشتم کے فلیگ شپ کی نمائش
لندن .... برطانوی بادشاہ ہینری ہشتم کے تاریخی فلیگ شپ ’’میری روز‘‘ کی نمائش مقامی میوزیم میں شروع ہوگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جہاز کا ڈھانچہ 35سال قبل سمندر سے نکالا گیا تھا، جسکے بعد اسے ماحولیات اورآب ہوا سے محفوظ رکھنے والے بڑے بکس نما کمرے میں رکھا گیا ہے۔ نمائش کے لئے رکھے جانے سے قبل اسے پانی سے نکال کر سکھایا گیا۔ پھر اس پر اسپرے کیا گیا اور موم کی پرت چڑھائی گئی تاکہ شکست و ریخت کا عمل جو صدیوں سے جاری تھا رک جائے۔35سال قبل سمندرسے نکالے جانے والے اس جہاز کو 2013ء میں سکھانے کا عمل شروع کیا گیا جو اب مکمل ہوچکا ہے مگر اس میں لگی ہوئی چوبی شہتیریں زوال پذیر نظرآرہی ہیں۔ جہازوںکے کنزرویشن مینجر کا کہناہے کہ پورٹسمائوتھ میں جہاں اسے رکھا گیا ہے وہ جگہ بہت ہی محفوظ ہے۔ جہاز کے ڈھانچوں میں گھسا ہوا پانی تقریباً خشک ہوچکا ہے اور جہاں جہاں سے پانی خارج ہو رہا ہے ان جگہوں کو خاص قسم کے پالیمر سے بھرنے کا عمل جاری ہے۔ یہ کام کرین اور اونچی سیڑھیاں لگا کر کیا جارہا ہے تاہم پوری طرح کام مکمل ہونے سے قبل ہی مقامی عجائب گھر کے ذمہ داران نے لوگوں کو اسے دیکھنے کی اجازت دیدی ہے مگر ایک فاصلہ رکھا گیا ہے تاکہ کوئی بھی اس ڈھانچے کے قریب نہ جائے اور ڈھانچے کو کوئی نقصان نہ پہنچ سکے۔