دوسری جنگ عظیم کا تھنڈر بولٹ لڑاکا طیارہ مل گیا
لندن ..... دوسری جنگ عظیم کا تھنڈر بولٹ نامی لڑاکا طیارہ تھری ڈی اسکیننگ سے نظر آگیا ہے اور اطلاعات کے مطابق P47-D دوسری جنگ عظیم کا لڑاکا طیارہ حادثہ سے دوچار ہونے کے بعد رودبار انگلستا ن میں گر گیا تھا اور اب تک لاپتہ تھا۔ مگر گزشتہ دنوں اس کے ڈوبنے کی ممکنہ جگہ پر کی گئی تھری ڈی اسکیننگ کے نتیجے میں یہ سمندر کی تہہ میں نظر آگیا۔ جس جگہ یہ نظر آیا ہے وہاں پانی کی گہرائی اب بھی 80فٹ ہے او ریہ جگہ ڈورسے کے ساحلی علاقے ویموتھ سے 3میل کے فاصلے پر ہے۔ یہ طیارہ مئی 1944ء میں ایک فضائی حملے کے دوران حادثے سے دوچار ہوکر یہاں گر گیا تھا۔ اب تک یہ نہیں معلوم ہوسکا کہ اس طیارے کو اس وقت کون چلا رہا تھا مگر زیادہ امکان اسی بات کا ہے کہ طیارہ حادثے کے بعد پانی میں گرنے کے باوجود وہ زندہ سلامت تھا اور پھر کسی ماہی گیر نے اپنی کشتی کے ذریعے اسے وہاں سے نکالا تھا۔ واضح ہو کہ جس تھری ڈی تصویر کی مدد سے اس کا سراغ لگا ہے اسے بنانے کیلئے ہائی ریزرویلیشن کی تقریباً1100تصاویر ایک دوسرے سے جوڑی گئی ہیں اور پھر ایک مجموعی شکل سامنے آئی ہے۔ نئی اسکیننگ کے بعد طیارے میں کوئٹنی R-2800نامی انجن نمایاں طور پر اس میں نظر آرہا ہے۔