اسلام آباد... حکومت اور اپوزیشن نے ایک اور آئینی ترمیم لانے پر اتفاق کرلیا ۔ختم نبوت سے متعلق حلف نامے کو اصل شکل میں واپس لانے کے لئے فوری آئینی ترمیم لائی جائے گی۔ اسپیکرسردار ایازصادق نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کے وقت ختم نبوت سے متعلق حلف نامے کے الفاظ میں غلطی ہوگئی تھی۔ غلطی درست کرنا کوئی بری بات نہیں۔ ختم نبوت سے متعلق حلف نامہ پرانی حیثیت میں بحال کریں گے۔ اس معاملے پر تمام جماعتوں نے اتفاق کیا ہے۔اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 میں ایک ترمیم کی جائے گی جس کے ذریعے حلف نامے کو اس کی اصل شکل میں لایا جائے گا۔ایوان میں معمول کی کارروائی معطل کر کے ترمیم پیش کی جائے گی۔ پارلیمنٹ ہا وس میں اسپیکر کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماوں کا اجلاس ہوا ۔ شیخ صلاح الدین، اکرم درانی، شاہ محمود قریشی، مولانا امیرزمان اور دیگر پارلیمانی لیڈر شریک ہوئے۔