راولپنڈی... ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ مارشل لا کا تاثر غلط ہے۔ سیاست میں فوج کی مداخلت کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ فوج کا پہلا کام ملک وقوم کی تحفظ کرنا ہے۔ اداروں میں تصادم والی کوئی بات نہیں ۔کور کمانڈر کانفرنس کے بعد پریس ریلیز جاری نہیں کی گئی تھی۔ خاموشی بھی اظہار کا ایک طریقہ ہے۔ جمعرات کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ احتساب عدالت میں پیش آنے والا واقعہ غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔ سیکیورٹی خدشات پر رینجرز کو احتساب عدالت میں تعینات کیا گیا تھا۔ رینجرز اہلکار نے اپنی ڈیوٹی کی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے پاکستان اہم ترین ملک ہے ۔سرحدوں پر خطرات منڈلا رہے ہیں۔ترجما ن نے کہا کہ کسی بھی دہشت گرد یا تنظیم کا ٹھکانہ پاکستان میں موجود نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے۔ جنگ نہیں چاہتا تاہم جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔انہوںنے کہا کہ باہر بیٹھ کر پاکستان کے خلاف بات کرنے والوں کی گرفت ہوگی۔