Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شوریٰ نے بے جا طریقے سے ملازمین کی برطرفی روکنے کیلئے قانونی سفارش کردی

    ریاض- - -  - - سعودی مجلس شوریٰ نے بے جا طریقے سے ملازمین کی برطرفی روکنے کیلئے قانون میں موجود گنجائش ختم کرنے کی قانونی سفارش پیش کر دی۔ شوریٰ کے ارکان وزارت محنت و سماجی فروغ کی سالانہ مالیاتی رپورٹ 1436-37ھ پر بحث آئندہ پیر کو کریں گے۔ اس حوالے سے سماجی ، خاندانی اور نوجوان امور کی کمیٹی نے ایک رپورٹ تیا رکر رکھی ہے۔ یہی بحث کا موضوع بنے گی۔ کمیٹی نے ایک سفارش یہ پیش کی ہے کہ وزارت محنت و سماجی فروغ قانون محنت کے لائحہ عمل پر نظر ثانی کرے۔ اس میں موجود اس گنجائش کو ختم کر دے جسے بنیاد بنا کر کمپنیوں او راداروں کے مالکان ملازمین کو باآسانی برطرف کر دیتے ہیں۔ کمیٹی نے اپنی سفارش میں اس امر کی بھی تاکید کی ہے کہ بے جا برطرفی کو روکنے کیلئے تمام ضروری تدابیر کی جائیں۔ روزگار کی حکمت عملی پر نظرثانی کی جائے۔ خواتین کیلئے مختص اسامیوں کی شرح بڑھائی جائے۔ خواتین کیلئے مخصوص نئی  اسامیاں پیدا کی جائیں۔ شوریٰ کے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ پیر کے اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے تجارتی اداروں کی فنڈنگ کی ضمانت کے پروگرام سے متعلق اقتصادی و توانائی کمیٹی کی رپورٹ پر بھی بحث ہوگی۔ اقتصادی کمیٹی  نے بھی ایک سفارش پیش کی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ خواتین کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے تجارتی منصوبوں کی سرپرستی کی جائے۔ خواتین کو تجارتی سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا جائے۔ ان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے تجارتی منصوبوں کی مالی اعانت کیلئے ضمانت کا پروگرام جاری کیا جائے۔

شیئر: