کراچی... پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف خطے میں 2 سو سال پرانے دور حکمرانی پر دوبارہ عمل کرانا چاہتے ہیں ۔ نواز شریف کی غلط فہمی ہے کہ انہیں کوئی حصہ مل جائے گا۔ پاکستان تمہارا نہیں 20 کروڑ عوام کا ہے ۔ پاکستان ہم نے بنایا ہم ہی بچائیں گے۔ لندن سے علاج کے بعد جمعہ کووطن واپسی پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن کے بعد پاکستان اور اپنے شہر کراچی واپس آیا ہوں۔ لوگ کہتے تھے ڈاکٹر عاصم بھاگ جائے گا لیکن ہم پیپلزپارٹی کے ہیں، بھاگنے والوں میں سے نہیں۔ نیب کا منہ کالا ہوگیا۔جنہوں نے میرے خلاف جھوٹے مقدمات بنوائے وہ خود مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ تو پہلے بھی 10 سال تک ملک سے باہر رہے۔ بیرون ملک ہونے کے باوجود ملک کے معاملات خراب کرنے کی کوشش کی تھی اور اب بھی عسکری قیادت سے الجھے ہوئے ہیں۔