سینیئر مزاحیہ اداکار آغا ماجد نے کہا ہے کہ میرا بنیادی تعلق لاہور سے ہے اور میری پیدائش لاہور کے معروف علاقے گوالمنڈی کی ہے ۔ والد صاحب کی ملازمت کی وجہ سے ہمیں ملتان شفٹ ہونا پڑا اور وہاں سے ہی میں نے تھیٹر سے اپنے فنی کریئر کا آغاز کیا بعد ازاں مجھے لاہور میں ایک شو کے لئے بلایا گیا اور پھر لاہور والوں کی محبت نے مجھے واپس نہیں جانے دیا۔ انہوںنے کہا کہ میں نے بے شمار اسٹیج ڈراموں میں کام کیا ہے ، مگر حقیقت میں میری اصل پہچان نجی ٹی وی چینل کے مزاحیہ شو کے ذریعے پورے پاکستان میں ہوئی اور آج اسی ٹی وی شو کی بدولت پورے پاکستان میں میرے مداح موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں لاہور اور ملتان کے درمیان شٹل کاک بن چکا ہوں ، کبھی ملتان میں اسٹیج ڈرامہ کرتا ہوں تو کبھی لاہور میں ، اس کے علاوہ ٹی وی پر بھی مصروفیات بڑھ چکی ہیں۔