بونیر... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف نے صرف ادارے تباہ کئے۔ ایک خاندان اپنی چوری بچانے کے لئے ملک تباہ کررہا ہے۔ نواز شریف اپنی کرپشن بچانے کے لئے پاک فوج اور عدلیہ سمیت ملک کے تمام بڑے اداروں کو بدنام کر رہے ہیں۔ لگتا ہے کہ پاکستان کو بچانے کے لئے پھر سڑکوں پر نکلنا پڑے گا۔ اتوار کوبونیر میں جلسے سے خطاب میں انہوں نے الزام لگایا کہ زرداری اورنوازشریف قوم ک سب سے بڑے ڈاکوہیں۔ڈیزل ان دونوں کےساتھ فٹ ہوجاتاہے۔ فضل الرحمان کومولاناکہنا پسند نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ زرداری اور نوازشریف کے آنے تک ہر پاکستانی پر35 ہزار قرضہ تھا، اس وقت ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 30 ہزار ر وپے کاقرضہ ہوگیا۔ہر سال ایک ہزار ارب روپے منی لانڈرنگ سے باہر چلے جاتے ہیں، اگر یہ پیسہ باہر نہ جائے تو یہاں فیکٹریاں، اسکول اور اسپتال بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ نوازشریف اب بھی میرے وزیراعظم ہیں، وہ ایک کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں۔ انہیں نواز شریف کو وزیر اعظم کہنے پر شرم آنی چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی حکومت پاکستان کو اخلاقی پستی کی جانب لے جارہی ہے۔ قومیں کبھی بمباری یاشکست سے تباہ نہیں ہوتیںبلکہ قومیں اخلاقیات ختم ہونے سے تباہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میںمسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرے گی۔ اپنی حکومت کے ابتدائی4 برسوں کے دوران ہی ملک سے نصف غربت ختم کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں ظلم کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہو جاو۔