ایشیا ہاکی کپ:پاکستانی ہاکی ٹیم ڈھاکا پہنچ گئی
ڈھاکا:پاکستان ہاکی ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کےلئے کراچی سے بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا پہنچ گئی۔ ایئر پورٹ پر فیڈریشن کے حکام اور ایشیا کپ کے منتظمین نے پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو خوش آمدید کہا۔ ڈھاکا روانہ ہونے کےلئے ا ئیر پورٹ جانے سے پہلے پاکستان ہاکی فیڈریشن ہاسٹل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ٹیم کے ہیڈ کوچ فرحت نے کہا کہ کھلاڑی جیت کےلئے پر اعتماد اور پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ پر امید ہیں کہ ٹیم ایشیاکپ جیت کر لائے گی۔ اس موقع پرٹیم کے کپتان محمد عرفان نے کہا کہ قوم، ہاکی ٹیم کی کامیابی کےلئے دعا کرے۔ گزشتہ ایونٹ کے دوران کی جانے والی غلطیوں پر قابو پا نے کی ہر ممکن کوشش کی ہے اور سب کی خواہش ہے کہ ملک کے لئے ٹائٹل جیت کر لائیں ۔ کپتان نے کہا کہ توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہوئے اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔ 11اکتوبر سے شروع ہونے والے ایشیا ہاکی کپ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف ہند کے خلاف بھی ایکشن میں نظر آئے گی۔