اسلام آباد...احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن محمد صفدر کی ضمانت منظور کرلی۔مریم نواز احتساب عدالت میں پیش ہوئیں ۔کیپٹن صفدر کو نیب کی ٹیم نے پیش کیا۔ دونوں کو نیب ریفرنسز کی نقول فراہم کی گئیں ۔عدالت نے 50 لاکھ روپے کے علیحدہ ضمانتی مچلکے جمع کرائے جانے پر ضمانت منظور کرتے ہوئے کیپٹن صفدر کو رہا کرنے کا حکم جاری کردیا۔عدالت نے آئندہ عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک نہ جانے کی بھی ہدایت کی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ 2 ملزمان حسین اور حسن نواز غائب ہیں۔نوازشریف بھی نہیں آئے۔ شریف فیملی کے وکیل خواجہ حارث نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست اور کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ جمع کرائی ۔ 15 دن کی مہلت دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔واضح رہے کہ مریم نواز ا ورکیپٹن محمد صفدر گزشتہ رات لندن سے اسلام آباد پہنچے تھے۔ نیب حکام نے کیپٹن ر صفدر کو ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا تھا جبکہ مریم نواز کو جانے کی اجازت دے دی تھی۔کیپٹن صفدر کو نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد لایا گیا جہاں ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا ۔ بعدازاں طبی معائنے کے بعد احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظراحاطہ عدالت میں ایف سی کے ایک ہزاراہلکار تعینات تھے۔