3لاکھ روپےکی خاطر شوہر کا قتل
سہارنپور۔۔۔۔انسان دولت کے لالچ میں آکر کس طرح رشتوں کا خون کررہا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ، پیسے کی ہوس نے انسانی رشتوں کے تقدس کو پامال کرکے رکھ دیا ہے چند سکوں کی خاطر اپنوں کی جان لینا ، اپنوں کا خون بہانا آسان ہوچکا ہے۔ سہارنپور میں گزشتہ روز ایک عورت نے 3لاکھ روپے کی خاطر اپنے شوہر کا قتل کردیا۔ تفصیلا ت کے مطابق تھانہ دیہات کوتوالی کے تحت گاؤں آسن والی میں گزشتہ روزدرخت سے لٹکی ہوئی ایک لاش ملی تھی جس کی شناخت چلکانہ گاؤں کے دلشاد کے طور پر ہوئی ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ دلشاد کے پاس 3لاکھ روپے تھے جسے وہ اپنے بھائیوں کو دینا چاہتا تھا ، اسکی بیوی سنجیدہ کی مخالفت پر اکثرجھگڑا ہوا کرتا تھا۔ اسی دوران سنجیدہ کو معلوم ہوا کہ دلشاد ایک دودن میں تمام پیسے اپنے بھائیوں کو دیدیگا ۔بیوی نے اپنے داماد عبدالجبار کو ایک لاکھ روپے کا لالچ دیکر شوہر کو راستے سے ہٹانے کی بات کی ۔ اس پر عبدالجبار نے اپنے ساتھی مظہر حسن کو ساتھ لیکردلشاد کو جان سے مارنے کا پلان بنایا ۔پلان کے مطابق سنجیدہ نے اپنے شوہر د کو چائے میں نشہ آور دوا ملاکر پلادی جس سے وہ بیہوش ہوگیا۔عبدالجبار نے اپنے دوست کی مدد سے بیہوشی کی حالت میں دلشاد کوموٹر سائیکل پر بٹھاکر گاؤں کے باہر باغ میں لے جاکر گولی ماردی اور لاش کو درخت سے لٹکا دیا ۔ پولیس نے تینو ں کو گرفتار کرلیا۔