بچے کو باتھ ٹب میں اکیلا نہ چھوڑیں
والدین کبھی بھی اپنے بچے کو باتھ ٹب میں اکیلا چھوڑنے کی غلطی نہ کریں۔ باتھ روم میں ہونے والے اس قسم کے حادثات اکثر موت کی وجہ بن جاتے ہیں۔ ٹب میں پانی کی کم گہری سطح بھی بچے کے ڈوب جانے کا سبب بن سکتی ہے ۔ اگر آپ بچے کو اکیلا باتھ ٹب میں چھوڑ دیں تو وہ اوندھے منہ پانی میں گر سکتا ہے جس کے باعث سانس رکنے کی وجہ سے جان جانے کا خدشہ ہوتا ہے لہذا بچے کو نہلانے سے پہلے تمام ضروری اشیاءتولیہ ، صابن ، کپڑے وغیرہ کا پہلے سے انتظام کر لیں۔ پانی کا درجہ حرارت مناسب کر لیں ،زیادہ گرم پانی بچے کی جلد کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتا ہے۔
یاد رکھیں جب آپ بچے کو نہلا رہی ہوں تو ہر چیز ثانوی حیثیت کی حامل ہو جاتی ہے۔ اگر بچے کو نہلانے کے دوران آپ کا موبائل بج اٹھتا ہے یا دروازے پر دستک ہوتی ہے ،تب بھی بچے کو ٹب میں اکیلا نہ چھوڑ دیں بلکہ اسے تولیے میں لپیٹ کر ساتھ اٹھا لائیں۔ ٹب میں نل کھلا چھوڑنے کی غلطی کبھی نہ کریں ۔ محض چند سیکنڈز کی غفلت آپ کے لیے عمر بھر کے پچھتاوے کا باعث بن سکتی ہے۔