Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدالت نے عبدالکریم ٹنڈا کو عمر قید کی سزاسنادی

    چندی گڑھ۔۔۔۔۔۔  ریاست ہریانہ  کے ضلع سونی پت کی عدالت نے  1996 ء میں  شہر میں ہوئے بم دھاکوں کے مجرم  عبدالکریم عرف ٹنڈا کو  منگل کو  عمر قید کی سزا سنا دی۔  عدالت نے  یہی نہیں بلکہ  ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی کیا ہے۔ گزشتہ روز  ٹنڈا کو  عدالت کی طرف سے  قصوروار ٹھہرایا گیا تھا۔  ایڈیشنل ضلع سیشن جج  ڈاکٹر سشیل گرگ  نے  تعزیرات ہند کی دفعہ 307  اور 120   کے تحت  لگائے گئے الزامات ثابت ہونے پر  ہی  ٹنڈا کو  دھماکوں  میں ملوث قرار دیا تھا۔  آتشگیر مادہ  ایکٹ کی دفعہ 3 کے تحت  ان پر جرمانہ بھی کیاگیا ہے۔  ٹنڈا کے وکیل  اشیش وتس نے کہا کہ  وہ  ضلع  سیشن جج کے فیصلے کیخلاف  ہائی کورٹ میں اپیل دائر کریں گے۔  دراصل  پولیس نے عبدالکریم ٹنڈا کو  لشکر طیبہ کیلئے کام کرنے کا ذمہ دار بھی قرار دیا تھا۔ ٹنڈا کو ممبئی  حملے کے ملزمان میں بھی  شامل کیاگیا تھا جس کیلئے  اس پر الزام تھا کہ وہ  ممبئی حملے کا ماسٹر مائنڈ بھی تھا۔  دہلی پولیس نے  16 اگست 2013 ء کو عبدالکریم ٹنڈا کو  اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ  نیپال سرحد  کے قریب  بان باسا سے  بیرون ملک جانے کی کوشش کررہا تھا۔  اس پر  ملک بھر میں تقریباً  40 دھماکے کرنے کے الزامات  بھی ہیں۔  سونی پت  میں 28 دسمبر 1996 ء کو  مختلف  جگہوں پر 2بم دھماکے ہوئے تھے۔  ان دھماکوں میں کوئی ہلاک نہیں ہوا تھا لیکن  15 افراد زخمی ہوئے تھے جس کے بعد  پولیس نے  نامعلوم افراد کیخلاف  مقدمہ درج کیا تھا۔  پولیس نے  تفتیش کے بعد  غازی آباد کے رہنے والے ٹنڈا ،  پلکھوا قصبے کے شکیل احمد اور دہلی کے عامر خان کو  ملزم کے طور پر  شناخت کیا تھا  جس میں  عامر خان اور شکیل احمد کو 1998 ء میں گرفتار کیا گیا تھا  مگر 2002 ء میں ٹھوس ثبوت نہ ہونے کی بنیاد پر عدالت نے ان دونوں کو بری کردیا تھا۔

شیئر: